پاکستانی طلبا کی انڈیا سے قبل ازوقت واپسی کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھائیں گے: نفیس زکریا

Header Banner

پاکستانی طلبا کی انڈیا سے قبل ازوقت واپسی کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھائیں گے: نفیس زکریا

  Thu May 04, 2017 15:59        Urdu

ہندو شدت پسند تنظیم کی دھمکیوں کے بعد انڈیا کے دورے پر گئے ہوئے پاکستانی طلبا کو قبل از وقت واپس بھیجے جانے پر پاکستان نے یہ معاملہ انڈیا اور عالمی برادری سے سفارتی سطح پر اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

50 طلبا اور اساتذہ کا یہ وفد ایک غیر سرکاری تنظیم کی دعوت پر یکم مئی کو انڈیا گیا تھا تاہم حکومت کی ہدایت ہر اسے بدھ کو واپس بھیج دیا گیا۔

اس معاملے پر پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انڈیا میں ہندو انتہا پسندی اور عدم برداشت عروج پر ہے اور وہاں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کو ہراساں کیا جانا معمول بن گیا ہے۔

انڈیا کا فوجیوں کی لاشیں مسخ کرنے کا الزام، پاکستان کی تردید

انڈیا کا فوجیوں کی ہلاکت پر پاکستان سے احتجاج

ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ انڈیا میں مذہبی منافرت عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے اور پاکستان اس معاملے کو سفارتی سطح پر انڈیا اور عالمی برادری کے ساتھ اٹھائے گا۔'

ان کا کہنا تھا کہ انڈیا میں بڑھتی ہوئی مذہبی منافرت اور عدم برداشت مغرمی ممالک کے میڈیا کی شہ سرخیاں بن چکی ہے۔ 'ہندو انتہا پسند تنظیمیں اس قسم کے واقعات میں ملوث ہیں اور انڈین حکومت خاموش تماشائی بن کر رہ گئی ہے۔'

واضح رہے کہ پاکستانی سکول کے طلبا اور اساتذہ کے 50 رکنی وفد کو غیر سرکاری تنظیم روٹس ٹو روٹس نے ایکسچینج پروگرام کے تحت مدعو کیا تھا۔

یہ افراد یکم مئی کو واہگہ کے ذریعے انڈیا گئے تھے تاہم انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں انڈین فوجوں کی مسخ شدہ لاشیں ملنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا۔

اسی دوران ایک ہندو انتہا پسند تنظیم نے ان طلبا کی انڈیا میں موجودگی کے حوالے سے دھمکی بھی دی جس کے بعد انڈین حکومت نے این جی او کو مشورہ دیا کہ یہ وقت پاکستانی طلبا کی میزبانی کے لیے موزوں نہیں۔

حکومت کی جانب سے اس مشورے کے بعد 50 رکنی پاکستانی طلبا کے وفد کو تین مئی کو واپس پاکستان بھیج دیا گیا۔

اس بارے میں انڈیا کے دفتر خارجہ کے ترجمان گوپل باگلے نے کہا 'جب ہمیں معلوم ہوا کہ پاکستانی طلبہ یکم مئی کو انڈیا پہنچ گئے ہیں تو ہم نے این جی او سے کہا کہ یہ وقت اس قسم کے ایکسچینج پروگراموں کے لیے موزوں نہیں ہے۔ یہ بچے اسی دن انڈیا پہنچے جب ہمارے فوجیوں کو مسخ کیے جانے والی غیر انسانی حرکت کی گئی۔'

bbc


   early return,students,take on the diplomatic