’آپ کے بچے ہندو ہیں یا مسلمان؟‘

Header Banner

’آپ کے بچے ہندو ہیں یا مسلمان؟‘

  Sat Jan 07, 2017 16:02        Entertainment, Urdu

کوریو گرافر فرح خان کے شوہر شیریش کندر آج کل فلموں سے متعلق اپنے کام کے لیے کم اور ٹوئٹر پر اپنے فن کا مظاہر کرنے کے لیے زیادہ مشہور ہو رہے ہیں۔

ان کی ٹوئٹر پر پہلی سب سے مشہور جھڑپ انوپم کھیر کے ساتھ اس وقت ہوئی تھی جب انوپم نے عدم برداشت کے موضوع پر عامر خان پر طنز کیا اور جواب میں شیریش میدان میں کود پڑے جس پر انوپم کھیر خاصے تلمِلائے تھے۔

بالی وڈ راؤنڈ سننیے کے لیے کلک کریں

شیریش فرح خان کے شوہر ہونے کے علاوہ فلمیں ایڈٹ کرتے ہیں، وہ ڈائریکٹر بھی ہیں اور ساتھ ساتھ اپنی مزاحیہ ٹوئٹس سے انھوں نے بے شمار ٹوئٹر فینز یا فولوورز بنا لیے ہیں۔

اب اسی ہفتے شیریش نے اپنی بیوی فرح اور تینوں بچوں کی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ان کے بچے اور بیوی امریکہ میں گرینڈ کینیون نیشنل پارک میں ایک پہاڑ پر بیٹھے ہیں۔ نیچے ایک مزاحیہ جملہ لکھا تھا 'میری فیملی، مجھے پہاڑ سے نیچے پھینکنے کے بعد بڑے فخر سے تصویر بنوا رہی ہے'۔ شیریش کی اس ٹویٹ کو بہت لوگوں نے پسند کیا جب کہ ایک محترمہ پوچھ بیٹھیں کہ آپ کے بچوں کا مذہب کیا ہے وہ ہندو ہیں یا مسلمان؟

جواب میں شریش نے بغیر ناراض ہوئے لکھا: 'منحصر کرتا ہے کہ اگلا تہوار کونسا ہے، ویسے پچھلے مہینے میرے بچے کرسچن تھے۔'

شیریش نے انتہائی دلچسپ انداز میں یہ جواب لکھ کر نہ صرف بحث کو آگے بڑھنے سے روکا بلکہ لوگوں کو شش و پنج میں ڈال دیا کہ کہیں ان کی یہ حسِ مزاح بیگم کی صحبت کا اثر تو نہیں۔

سلمان کی فلم میں اکشے کا کیا کام؟

بالی وڈ میں عجیب وغریب دوستیوں کی بھی کئی مثالیں ملیں گی۔ اب سلمان خان کو تو دوستوں کا دوست کہا ہی جاتا ہے تو کرن جوہر اور اکشے کمار بھی کہاں پیچھے رہنے والے تھے۔

اب سلمان کرن جوہر کے ساتھ مل کر ایک فلم بنا رہے ہیں اور فلم کے ہیرو ہوں گے اکشے کمار۔

اکشے نے نئے سال کے موقعے پر ایک ٹویٹ کر کے لوگوں کو یہ خبر سنائی اور کرن جوہر نے اس کی تصدیق کی۔

اب دبنگ خان 'اکی' کو کس روپ میں دکھانے والے ہیں۔ یہ تو وقت ہی بتائے گا، ہاں یہ طے ہے کہ اب اکشے بھی سلمان کے دوستوں کی فہرست میں شامل ہو چکے ہیں۔

شاہ رخ خان کی فلم 'رئیس' اور رتک روشن کی 'قابل' ریلیز کے لیے تیار ہیں یہ دونوں ہی بڑے ستاروں والی اور بڑے بینرز کی فلمیں ہیں اور دونوں فلمیں 25 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہیں۔

دونوں نے ہی فلم کی ریلیز ڈیٹ تبدیل کرنے پر بات کی لیکن معاملہ طے نہ ہو سکا کیونکہ شاہ رخ پہلے بھی اپنی فلم کی ریلیز ڈیٹ تبدیل کر چکے تھے۔ دونوں فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہونے پر میڈیا میں 'ٹکراؤ' جسی ہیڈ لائنز لگائی جا رہی ہیں لیکن رتک روشن کا کہنا ہے کہ اس سے ان کے اور شاہ رخ کے رشتے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

فلموں کے ٹریلرز سے اندازہ ہوتا ہے دونوں فلمیں ایک دوسرے سے کافی مختلف ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ دونوں ہی اپنے اپنے حصے کا بزنس کریں گی۔


   Your children,Hindus or Muslims